الثلاثاء، مارس 10، 2020

ڈاکٹر محمد لقمان سلفی رحمہ اللہ


محمد تنزیل الصدیقی الحسینی

علمی دنیا میں یہ خبر یقیناً حزن و ملال کا باعث سمجھی جائے گی کہ نامور عالم، مفسر، محدث اور دینی کتابوں کے ناشر جناب ڈاکٹر محمد لقمان سلفی خالق حقیقی سے جا ملے۔ وہ شیخ عبد اللہ بن عبد العزیز بن باز رحمہ اللہ کے شاگرد رشید، جامعہ امام ابن تیمیہ چمپارن (بہار) کے بانی و ڈائرکٹر، قرآن کریم کے مفسر اور بلوغ المرام کے شارح تھے۔ ان کا اصل تعلق تو بھارتی ریاست بہار سے تھا مگر انھیں سعودی نیشنلٹی بھی حاصل تھی۔ البلد الامین مکہ مکرمہ میں ان کی رہائش تھی۔
کئی برس قبل جب وہ پاکستان تشریف لائے تو یہ بات میرے اعزاز میں سے ہے کہ وہ مجھ سے ملنے جامعہ ستاریہ کے ایک استاذ شیخ عبد الحی کے ہمراہ مکتبہ دار الاحسن تشریف لائے تھے۔ تقریباً دو دن ان سے کافی طویل ملاقاتیں رہیں۔ اسی دوران میں نے ان کی ملاقات ان کی خواہش پر مشہور محقق اور ماہر ابو الکلامیات ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہاں پوری سے بھی کروائی تھی۔

ان کی وفات کی خبر سن کر ذہن میں ان سے ملاقات کی یادیں تازہ ہو گئیں۔ دعا ہے کہ اللہ مرحوم کی خطاؤں سے درگزر فرمائے اور ان کے حسنات کو قبول فرماتے ہوئے ان کے درجات بلند کرے۔

محمد تنزیل الصدیقی الحسینی

ليست هناك تعليقات: