الثلاثاء، أكتوبر 21، 2014

مولانا ادیب


ثناءاللہ صادق تیمی 
 جواہر لال نہرو یونیورسٹی ، نئي دہلی

 آپ شاید نہ مانیں لیکن ہمارے دوست بے نام خان ہمیں جب چڑھانا چاہتے ہیں تو اسی طرح پکارتے ہیں ۔ اور میرے ناراض ہونے پر بڑے اعتماد اور سنجیدگی سے کہتے ہیں کہ بھائی ٹھیک ہے تم ادیب نہيں ہو کہ کوئي مولانا ادیب ہو بھی نہیں سکتا لیکن مولانا تو ہو نا! اس میں اس قدر برہم ہونے کی کوئي ضرورت نہیں ہے ۔ اور اس کے بعد ہمارے اور ان کے درمیان ادیب اور مولانا کے موضوع پر پوری بحث چل پڑتی ہے ۔ ہمارے دوست کے حساب سے مولانا ہونے کا مطلب ہی یہ ہوا کہ اس کے اندر ادیبوں والی فراخدلی ، اعلا ظرفی ، وسعت نظر اور تحمل نہیں ہوگا اور ادیب ہونے کا مطلب ہی ہے کہ اس کے اندر مولاناؤں والی کج فکری ، ضد ، جوش اور اشتعال انگیزی نہیں ہوگي ۔ پھر بھلا ایک ہی آدمی ادیب اور مولانا کیسے ہو سکتا ہے ؟ یہ صفات ایک ساتھ جمع کیسے ہو سکتے ہیں ؟ یہ تو آپس میں ضدین ہیں ؟
   آپ ہوں تو نہ معلوم کیا کریں لیکن میں انہیں اپنی طرف سے مثالیں دیتا ہوں اور کہتا ہوں کہ مولانا ابوالحسن علی ندوی تو مولانا تھے اور عربی کے ادیب بھی تھے ۔ مولانا عبدالماجد دریابادی مولانا تھے اور صاحب انشاپرداز اور  صاحب طرز خاص ادیب بھی تھے ۔ مولانا ابوالکلام آزاد مفسر قرآن بھی تھے اور باضابطہ ادیب بھی تھے ۔ مولانا سید سلیمان ندوی مولانا بھی تھے اور ماہر لسانیات ادیب بھی تھے اور میں مثالیں پورے جوش و ولولے کے ساتھ دیتا چلا جاتا ہوں ۔ اس درمیان وہ اس طرح سنتے ہيں جیسے اب وہ قائل ہوگئے ہیں اور جب میں سامنے والی میز پہ جوش و اعتماد کے عالم میں اپنی ہتھیلی مارتا ہوں تو ہولے ہولے مسکراتے ہیں اور کہتے ہیں تو انہيں دلائل کے سہارے آپ اتنی لمبی چوڑی ہانک رہے تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ آپ  مجھے چت کردینگے ۔
   جناب!  مولانا ابوالحسن علی ندوی کو اردو والے تو خیر ادیب سوچنے کی بھی غلطی نہیں کرتے اور عربی والے انہيں ہندوستانیوں میں ایسا عالم مانتے ہیں جنہیں عربی بھی لکھنے بولنے آتی ہے ۔ اور لکھنے کی بھی صلاحیت دوسرے ہندوستانیوں کے بالمقابل اچھی مانتے ہیں عربوں کے بالمقابل نہیں ۔ ایسے ان کے اندر خود ایک خوبی یہ تھی کہ انہوں نے اپنے آپ کو کبھی ادیب نہیں سمجھا ۔ یوں بھی تخلیقی ادب میں ان کی کوئي حصہ داری ہے بھی نہیں ۔
   مولانا عبدالماجد دریابادی بے چارے ادیب ضرور تھے اور صاحب طرز ادیب لیکن آپ کو دھوکہ نہ کھانا چاہیے وہ مولانا نہیں تھے ۔ در اصل ان کے اوپر مولانا لوگوں نے جال پھینک دیا اور بے چارے سیدھے آدمی پھنس گئے اور خود کو مولانا سمجھ بیٹھے اور اس غلطی میں پڑنے کی وجہ سے ایسی ایسی ادیبانہ غلطیاں ان سے ہوئیں کہ آج بھی ادب کا سنجیدہ طالب علم ان سے نالاں ہی رہتا ہے ۔' انگارے' کے بارے میں ان کے مولویانہ خیالات بتلاتے ہیں کہ آدمی اگر مولوی نہ بھی ہو اور اس کے اندر مولانائیت آگئی تو وہ کس قدر ذہنی طور پر سکڑ جاتا ہے ۔ مولانا سید سلیمان ندوی مولانا سے زیادہ عالم تھے البتہ ادیب انہیں نہیں کہا جاسکتا ۔ اردو کی ابتداء اور نشو و نما کے بارے میں ایسے بھی ان کی رائے کمزور ہی مانی گئی ہے ۔ ان کی زبان میں رچاؤ تو ہے لیکن تخلیقی ادب میں ان کی کوئی حصہ داری نہیں ۔ شاعری کی تو وہ بھی بہر حال قابل ذکر نہیں ہے ۔ مولانا ابو الکلام آزاد بلاشبہ بڑے اچھے صحافی اور سیاست داں مانے گئے ہیں لیکن ان کی ادیبانہ اور مولویانہ دونوں حیثيت تسلیم شدہ حقیقت نہيں ہے ۔ مولانا کو مولوی لوگ ادیب اور ادیب لوگ مولوی سمجھتے ہیں ۔ ہاں البتہ یہ دونوں انہیں صحافی اور سیاستداں ضرور مانتے ہیں ۔ اور ایسے بھی میری نظر سے دیکھیے تو تذکرہ جیسی کتاب لکھنے والا آدمی ادیب ہو بھی کیسے سکتا ہے ۔ اللہ ہی جانے وہ کتاب انہیں خود بھی سمجھ میں آئی تھی یا نہیں ۔ میں آپ کو صحیح صحیح بتارہا ہوں کہ آج کے ننانوے فیصد ادیب کو تذکرہ دیکھ کر پڑھنے میں اچھی خاصی دشواری کا سامنا ہوتا ہے سمجھنے کا مرحلہ تو بعد کا ہے ۔
    مولانا ! یہ سب بڑے بودے دلائل ہیں ۔ سچی بات یہی ہے کہ کوئي مولانا مولانا رہتے ہوئے ادیب نہیں ہو سکتا اور کوئي ادیب ادیب رہتے ہوئے مولانا نہیں ہو سکتا ۔ آپ خود کو دونوں سمجھتے ہو اس لیے دیکھو کہیں نہيں ہو ۔
      میں نے پھر بھی ان سے کہا کہ ادیب ہونے کی خوبی تسلیم لیکن مولوی ہونے کے جو خصائل آپ نے گنوائے ہيں وہ آپ کو نہيں لگتا کہ آپ کی جھلاہٹ کے  آئینہ دار ہیں ۔ بھئي مولانا لوگ تو سادگی ، بے ریائی اور خدمت خلق سے بھرپور زندگی بسر کرتے ہیں اور آپ ان کے اوپر کیا کیا الزام دھر رہے ہیں ۔ ان کی تو پوری زندگی عبادت ، صبر وتوکل اور زہدو ورع سے عبارت ہوتی ہے ۔
ابھی میری بات پوری بھی نہیں ہوئي تھی کہ میرے دوست نے مجھے خاموش کرتے ہوئے کہا : شاید کبھی یہ باتیں درست رہی ہونگیں ۔ لیکن اب اللہ کے واسطے ان الفاظ کو مولانا لوگوں سے جوڑ کر ان کا تقدس پامال مت کرو ۔ دنیا میں دو بدنام پیشے ہیں سیاست اور مولویت ۔ اور یاد رہے کہ سیاست بھی اتنی چوکھی نہیں ہوتی جتنی مولانائيت ہوتی ہے ۔ ہو سکتا ہے کہ کچھ اللہ کے بندے آج بھی اجداد کی وراثت سنبھالے ہوئے ہونگے اور بہت ممکن ہے کہ مولانا لوگوں میں بھی کچھ اللہ والے ہوںگے لیکن یہ ہونگے بھی تو آٹے میں نمک کے برابر ۔ تم میرا منہ نہ ہی کھلواؤ تو اچھا ہو ورنہ خود تمہیں سر چھپانے کو جگہ نہیں ملیگی ۔ اور دیکھو اس موضوع کو یہیں بند کرو تو بھلا ہو ۔ مجھے تاریخ کا بھی علم ہے اور آج کی صورت حال سے بھی واقف ہوں ۔ تم مولویوں کا دکھڑا یہی ہے کہ تم کل کی عظمتوں کا گنگان کرتے نہيں تھکتے اور آج کی غلاظتوں پر نظر ڈالنے کے لیے تیار نہیں ہوتے ۔ بھائی میں ان باتوں میں جانا اچھا نہیں سمجھتا ۔ البتہ ادیب ہونے کے لیے مولانائيت سے توبہ کرنا ضروری ہے ۔ جب نیاز فتح پوری نے مولانا لوگوں سے پیچھا چھڑایا ہے تب کہیں جاکر اتنے بڑے ادیب بنے ہیں ۔ مثالیں تو اور بھی ہیں ۔ لیکن چھوڑو اور تم مولویوں کا حال کیا ہے ۔ اردو لکھتے ہو تو لگتا ہے جیسے سارے بھاری بھرکم الفاظ ایک ہی جملے میں استعمال کرلینے ہیں ۔ قومہ ، فل اسٹاپ اور دوسرے علامات کی کیا معلوم کوئي خبر ہوتی بھی ہے یا نہيں ۔ عربی اور فارسی کے ایسے ایسے الفاظ کہ توبہ بھلی ۔ 'ھلم جرا' اور' وقس علی ھذا' لکھ کر سوچتے ہو شیر مار گرایا ہے ۔ اب تم لوگوں کو کون بتلائے کہ بھائی صاف ستھری اور سادہ زبان میں پیغام پہنچ جائے تو اسے ہی ادب کہتے ہیں لیکن تمہیں  تو اپنی علمیت ، ادبیت اور نہ جانے کیا کیا تیت کی دھونس جھاڑنی ہوتی ہے ۔ ارے مولانا ! مسئلہ یہ بھی ہے کہ تم مولانا لوگ ادیبوں کو تو اس قابل سمجھتے نہیں کہ انہيں پڑھا جائے اور پھر جب تمہارے لکھے ہوئے ' اعلا مقالات ' لوگوں کو پسند نہیں آتے تو الٹے کہتے ہو کہ نام نہاد ادیبوں نے لوگوں کا ذوق بگاڑ دیا ہے ۔ مجال جو خود احتسابی کا جذبہ ابھر جائے ۔ مولانا مودودی ، سلیمان ندوی ، شبلی نعمانی ، ابوالکلام آزاد اور عبدالماجد دریابادی کا نام لے کر اپنا قد اونچا کرنے کی کوشش تو کرتے ہو لیکن کبھی ان کی طرح لکھنے کی اور انہیں کی طرح محنت کرنے کے بارے میں سوچتے ہو ؟ شاعری میں علامہ اقبال پر خوب فخر کرتے رہو لیکن کبھی تو یہ کوشش بھی کرو کہ کچھ اچھی شاعری کے نمونے تمہارے دم سے بھی معرض وجود میں آئیں ۔ کبھی شاعری کرتے ہو تو ایسا لگتا ہے جیسے بوڑھا آدمی سکرات الموت میں مبتلا ہے ۔
میں نے دیکھا کہ میرے دوست بالکل میرے (مولویانہ ) انداز میں نصیحت کرنے لگے ہیں اس لیے میں نے بحث تمام کیے بغیر بھاگ لینے کو اچھا سمجھا ۔ آپ کیا کرتے آپ سوچیے ۔

ليست هناك تعليقات: